کل حمد اور کل شکر اس اللہ کے لیے ہے جس کی ملکیت ہے ہر وہ شے جو آسمانوں اور زمین میں ہے اور آخرت میں بھی اسی کے لیے حمد ہوگی اور وہ کمال حکمت والا ہرچیز سے باخبر ہے۔
وہ جانتا ہے جو کچھ زمین میں داخل ہوتا ہے اور جو کچھ اس سے نکلتا ہے اور جو کچھ آسمان سے نازل ہوتا ہے اور جو کچھ اس میں چڑھتا ہے اور وہ نہایت رحم کرنے والا بہت بخشنے والا ہے۔
اور یہ کافر کہتے ہیں کہ ہم پر قیامت کبھی نہیں آئے گی (اے نبی ﷺ !) آپ کہیے کیوں نہیں ! میرے رب کی قسم جو تمام پوشیدہ چیزوں کو جاننے والا ہے وہ تم پر ضرور آکر رہے گی اس سے پوشیدہ نہیں رہ سکتی ذرّہ برابر بھی کوئی چیز نہ آسمانوں میں اور نہ زمین میں } اور نہ کوئی اس سے چھوٹی چیز اور نہ بڑی مگر وہ ایک روشن کتاب میں (لکھی ہوئی) موجود ہے۔