اور (اسی طرح) اونٹ میں سے دو (نر اور مادہ) اور گائے میں سے دو (نر اور مادہ)۔ ان سے پوچھئے کیا اس نے ان دونوں نروں کو حرام کیا ہے یا دونوں ماداؤں کو ؟ یا جو کچھ ان ماداؤں کے رحموں میں ہے (اسے حرام کیا ہے) ؟ کیا تم موجود تھے جب اللہ نے تمہیں یہ نصیحتیں کیں ؟ تو اس سے بڑھ کر ظالم کون ہوگا جو جھوٹ گھڑ کر اللہ کی طرف منسوب کر دے تاکہ لوگوں کو گمراہ کرے بغیر کسی علم کے یقیناً اللہ ایسے ظالموں کو راہ یاب نہیں کرے گا
کہہ دیجیے میں تو نہیں پاتا اس (قرآن) میں جو میری طرف وحی کیا گیا ہے کوئی چیز حرام کسی کھانے والے پر کہ وہ اسے کھاتا ہو سوائے اس کے کہ وہ مردار ہو یا خون ہو بہتا ہوا یا خنزیر کا گوشت کہ وہ تو ہے ہی ناپاک یا کوئی ناجائز (گناہ کی) شے جس پر اللہ کے سوا کسی اور کا نام پکارا گیا ہو لیکن (ان صورتوں میں بھی اگر) کوئی مجبور ہوجائے نہ تو اس کے اندر ان کی طلب ہو اور نہ حد سے بڑھے تو یقیناً آپ کا رب بخشنے والا اور رحم فرمانے والا ہے
اور ہم نے ان پر جو یہودی ہوئے تھے حرام کردیے تھے ایک ناخن (کھر) والے تمام جانور اور گائے اور بکری (وغیرہ) میں سے ہم نے حرام کردی تھی ان پر ان کی چربی سوائے اس کے کہ جو ان کی پیٹھ یا انتڑیوں یا ہڈیوں کے ساتھ لگی ہوئی ہو یہ ہم نے انہیں سزا دی تھی ان کی سرکشی کی وجہ سے اور یقیناً ہم سچ کہنے والے ہیں