اے اہل ِایمان ! اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور ہر جان کو دیکھتے رہنا چاہیے کہ اس نے کل کے لیے کیا آگے بھیجا ہے اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو یقینا تم جو کچھ کر رہے ہو اللہ اس سے باخبر ہے
اگر ہم اس قرآن کو اتار دیتے کسی پہاڑ پر تو تم دیکھتے کہ وہ دب جاتا اور پھٹ جاتا اللہ کے خوف سے۔ اور یہ مثالیں ہیں جو ہم لوگوں کے لیے بیان کرتے ہیں تاکہ وہ غور کریں۔
وہی ہے اللہ جس کے سوا کوئی الٰہ نہیں۔ حقیقی بادشاہ یکسرپاک سراپا سلامتی (اور ہر اعتبار سے سالم) امن دینے والا پناہ میں لینے والا زبردست (مطلق العنان) اپنا حکم بزور نافذ کرنے والا سب بڑائیوں کا مالک۔ اللہ پاک ہے ان تمام چیزوں سے جو یہ شرک کرتے ہیں۔
وہی ہے اللہ تخلیق کا منصوبہ بنانے والا وجود بخشنے والا صورت گری کرنے والا۔ تمام اچھے نام اسی کے ہیں۔ اسی کی تسبیح کرتی ہے ہر وہ چیز جو آسمانوں میں ہے اور زمین میں ہے اور وہ بہت زبردست ہے کمال حکمت والا۔