اس پیراگراف کے آغاز میں لفظ کلا ” ہرگز نہیں “۔ زجروتوبیخ اور سرزنش کے لئے آیا ہے اور یہ زجر اس سے ماقبلی مذکور ہے۔
ثم یقال ........................ تکذبون (17:83) ” پھر ان سے کہا جائے گا یہ وہی ہے جس کی تم تکذیب کرتے تھے “۔ اس پر بطور نتیجہ کہا ، ہرگز نہیں۔ ایسا نہیں ہوسکتا۔ اور اس کے بعد نیک لوگوں کا بیان شروع ہوتا ہے اور یہ مثبت اور تاکیدی انداز میں آتا ہے۔
جس طرح پہلے کہا گیا تھا کہ بدکاروں کا نامہ اعمال سجین میں ہے تو یہاں کہا جارہا ہے کہ نیکوکاروں کا نامہ اعمال علیین میں ہے۔ اور ابرار ” نیکوکار “ وہ لوگ ہیں جو اطاعت کیش اور ہر نیک کام کرنے والے ہیں۔ یہ نافرمانوں اور حد سے گزرنے والوں کے بالمقابل یہاں لائے گئے ہیں۔
لفظ علیین سے علو اور بلندی کا مفہوم ذہن میں آتا ہے ، اور اس سے ہم یہ بات اخذ کرسکتے ہیں کہ سجین کے اندر انحطاط ، پستی اور گراﺅٹ کا مفہوم ہوگا۔ اور اس کے بعد سوال ایک خوفناک سوال آتا ہے جو بتاتا ہے کہ مخاطب کو معلوم نہیں ہے کہ علییون ہے کیا ؟ مطلب یہ ہے کہ تم ان بلندیوں کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔ یہ مقام تمہارے حد ادراک سے ماوراء ہے۔
اس اشاراتی فضا سے نکل کر اب روئے سخن نیکوکاروں کے اعمال نامے کی طرف مڑ جاتا ہے تو وہ کیا ہے۔