لفظ کلا بھی زجرو توبیخ کا لفظ ہے ، اس کے ذریعہ سرزنش کی جاتی ہے کہ تم جس حال میں ہو ، یہ درست نہیں ہے۔ تمہاری سوچ غلط ہے۔ اس کے ذریعے سابقہ موضوع سے بات کو دوسرے سے بات کو دوسرے موضوع اور نکتے کی طرف منتقل کیا جاتا ہے۔ ایک نئی بات سامنے لائی جاتی ہے اور یہ تاکید اور زور دار بات کرنے کا ایک انداز ہے۔ یہ انداز عتاب اور یاددہانی اور تصویر کشی سے الگ ہے۔
کلا بل ................ بالدین (9:82) ” ہرگز نہیں ! بلکہ (اصل بات یہ ہے کہ) تم لوگ جزا وسزا کو جھٹلاتے ہو “۔ تمہیں یہ یقین نہیں ہے کہ اس زندگی کا جواب بھی دینا ہے اور یہی ہے تمہاری غفلت کا حقیقی سبب۔ جس کی وجہ سے تم سے تقصیرات ہوتی ہیں۔ یہ کبھی نہیں ہوسکتا کہ ایک شخص زندگی کی جوابدہی اور حساب و کتاب پر یقین نہ رکھتا ہو اور پھر وہ سیدھے راستے پر بھی چلتا ہو ، بھلائی بھی کرتا ہو ، اور اللہ کی اطاعت بھی کرتا ہو۔ بعض اوقات ، بعض لوگوں کے دل اس قدر صاف و شفاف ہوجاتے ہیں کہ وہ رب کی اطاعت صرف رب کی محبت کی وجہ سے کرتے ہیں۔ اس وجہ سے نہیں کرتے کہ اللہ ان کو سزا دے گا یاجزاء دے گا ، اور ان کو کسی انعام کا کوئی لالچ ہی نہیں رہتا۔ لیکن ایسے لوگ بھی قیامت پر یقین رکھتے ہیں ، اللہ سے ڈرتے ہیں اور اللہ کے ساتھ ملاقات کے شائق ہوتے ہیں اور ان کی خواہش ہوتی ہے کہ جس رب کے ساتھ انہیں محبت ہے اس کو دیکھیں۔ لیکن جب کوئی قیامت کی تکذیب کرتا ہے تو وہ آداب زندگی ، اطاعت رب اور نورانیت اور روحانیت سے محروم ہوجاتا ہے۔ اس کے جسم کے اندر زندہ دل نہیں ہوتا ، اور اس کا ضمیر مردہ ہوجاتا ہے۔
تم لوگ روز جزاء کی تکذیب کرتے ہو لیکن تم دراصل قیامت کے دن کی طرف کشاں کشاں جارہے ہو ، تمہاری زندگی کا ریکارڈ تیار ہورہا ہے۔ کوئی عمل ضائع نہیں ہوتا اور نہ ضبط کیے جانے سے چھوٹ سکتا ہے۔ نہ فرشتے بھولتے ہیں۔