حکمت سے مرادمعرفت اور علم سے مراد وحی ہے۔ حضرت لوط کو یہ چیزیں عطا ہوئیں۔ دوسرے تمام پیغمبروں کو بھی یہ چیزیں دی جاتی رہی ہیں۔ اب ختم نبوت کے بعد وحی کا قائم مقام قرآن ہے۔ تاہم حکمت (معرفت) سے غیر پیغمبروں کو بھی بقدرِ استعداد حصہ ملتا ہے۔
جن لوگوں پر اللہ کی نظر ہوتی ہے وہ ان کا ولی وکارساز بن جاتا ہے۔ وہ ان کو برے لوگوں کے ماحول سے نکال کر اچھے لوگوں کے ماحول میں لے جاتاہے۔ وہ زندگی کے ہر موڑ پر ان کا مدد گار بن جاتا ہے۔ وہ ان کو وہ حکمت عطا فرماتا ہے جس کے بعد ان کی پوری زندگی رحمتِ خداوندی کے آبشار میں نہا اٹھتی ہے۔