ظاہر پرست لوگ جس وقت حق کے داعی میں نشانیاں نہ پاکر اس کی صداقت کے بارہ میں شبہ کررہے ہوتے ہیںعین اسی وقت معنوی نشانیاں پوری طرح اس کی تصدیق کے لیے موجود ہوتی ہیں۔ سچائی اپنی دلیل آپ ہے۔ مگر اس کو محسوس کرنا صرف اس شخص کے لیے ممکن ہے جو ظواہر سے گزر کر حقائق کو دیکھنے کی نگاہ اپنے اندر پیدا کر چکا ہو۔ ورنہ جن لوگوں کی نگاہیں ظواہر میں اٹکی ہوئی ہوں وہ حق کو بے دلیل سمجھ کر اس کا انکار کردیں گے۔ حالاں کہ عین اسی وقت دلائل کا انبار اس کی تصدیق کے لیے ان کے قریب موجود ہوگا۔